ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ملک میں انتشار اور فسطائی ایجنڈوں کوکامیاب ہونے نہیں دیناہے: آل انڈیا امامس کونسل

ملک میں انتشار اور فسطائی ایجنڈوں کوکامیاب ہونے نہیں دیناہے: آل انڈیا امامس کونسل

Tue, 02 May 2017 22:10:41    S.O. News Service

ملبارہاؤس2مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) آج صبح آل انڈیا امامس کونسل کی دو روزہ نیشنل جنرل کونسل کا آغاز ہوگیا ہے۔ جس میں ملک بھر کی ریاستوں (کیرلا، تاملناڈو، کرناٹک، گوا، مہاراشٹر، آندھرا پردیش، مدھیہ پردیش، راجستان، دہلی، مشرقی اور مغربی یوپی، آسام، مغربی بنگال اور منی پور) سے کونسل کے ریاستی عہدیداران نے شرکت کی۔ نیشنل جنرل کونسل کا افتتاح قومی صدر مولاناعثمان بیگ رشادی کے ہاتھوں پرچم کشائی کے ذریعہ ہوا۔ بعدہ قومی صدر نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ: اللہ تعالی نے اسلام کو انسانوں کے تمام مسائل کا حل کرنے والا نظام بنا کر دنیا میں اُتارا ہے۔ ملک میں کمیونل فاشسٹ حکومت کی وجہ سے ہمیں خوف زدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ایسے وقت میں قوم کے تئیں ہماری ذمہ داریاں اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہیں۔ حوصلہ مندی کے ساتھ قوم کو آگے لے جانا اور ان کے اندر خود اعتمادی پیدا کرنا علماء و ائمہ کی دینی اور سماجی ذمہ داری ہے۔ اللہ تعالی نے حق و انصاف کے کام کرنے والوں کے لیے ہی عزت اور کامیابی رکھی ہے“۔انھوں نے کہا کہ: ”ملک کے آئین کا تحفظ ہر ہندستانی کا اولین فریضہ ہے“۔خطبہء افتتاحیہ کے بعد آل انڈیا امامس کونسل کی ایک سالہ رپورٹ پیش کی گئی جس کو تمام ذمہ داران نے بحث و تمحیص کے بعد منظوری دے دی۔ اس کے بعدپاپولر فرنٹ آف انڈیا کے قومی نائب صدر جناب او، ایم، اے، سلام صاحب نے ”امانت داری مسلم امت کی خصوصیت“ پر ایک پر مغز کلاس دی۔ انھوں نے بتایا کہ: ”امین ہونا نبوت کا کولیفکیشن ہے۔ امانت صرف لین دین میں نہیں؛ بلکہ اللہ اور بندے کے حقوق، انسان اور انسانوں کے حقوق اور انسان اور خود اپنی ذات کے حقوق میں بھی ہونی چاہیے“۔ انھوں نے کہا کہ: ”امانت داری اور بھروسہ مندی ہی اصل میں مسلمان کی کوالٹی اور پہچان ہے“۔کونسل کے میڈیا انچارج نے بتایا کہ: کیرلا میں منعقد آل انڈیا امامس کونسل کی دو روزہ قومی عمومی مجلس عاملہ (نیشنل جنرل کونسل میٹنگ) کے پہلے دن کی پہلی نشست علماء کی تربیت سے متعلق رہی؛ جب کہ دوسری نشست میں نئی میقات کے لیے قومی مجلس عاملہ اور قومی ذمہ داران کے انتخابات ہوے ہیں۔ جس کا اعلان ان شاء اللہ کل میٹنگ کے دوسرے دن ۳/ مئی کوکیاجائے گا۔
 


Share: